[ad_1]
اسلام آباد: پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں دیامر بھاشاڈیم کی تعمیر کیلیے کویت کی جانب سے25 ملین ڈالر کے معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا تین روزہ اجلاس جمعے کوکویت میں ختم ہوا۔ فریقین نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔
مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان اور کویت کے وزیر تجارت و صنعت عمر سعود العمر نے کی۔ فریقین نے معیشت اور تجارت کے وسیع تر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔
فریقین نے صنعتی تعاون ،انجینئرنگ کونسل ، خبروں کے تبادلے، زراعت ، میری ٹائم، دہرے ٹیکسوں کے خاتمے، کوالٹی اینڈ سیفٹی سٹینڈرز،اعلی تعلیمی کمیشن میں معاہدوں اور مفاہمت کی دستاویزات سے بھی اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، ویزہ اور کونسلر امور میں ورکنگ گروپس کے قیام میں اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے زور دیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان ویزہ کے عمل کو مرکزی دھارے میں لایا جائے اس سے نہ صرف اقتصادی شراکت داری اور مفید رابطوں کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کی ہنرمندافرادی قوت کو کویت میں روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔
انہوں نے کویت کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم کے تحت فراہم کردہ سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے مشترکہ ورکنگ گروپوں کے قیام اور مفاہمت کی دستاویزات پر اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دیا۔
پاکستانی وفد کی تکنیکی گروپ کے سربراہ اور وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری کاظم نیاز نے اس امید کا اظہارکیاکہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے تجارت ، تعلیم ، سائنس ، ثقافت اور دیگر شعبوں میں رابطہ کاری اور تعاون کو فروغ ملے گا۔
[ad_2]
Source link