[ad_1]
اسلام آباد: آئیسکو کی جانب سے ریجن بھر میں انسداد بجلی چوری اورنادہندگان سے واجبات وصولی کے لیے کریک ڈاؤن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان کے مطابق آپریشن کے دوران بجلی چوروں کو 62 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے جانے کے علاوہ 1450بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا جب کہ ایک لاکھ 30ہزار سے زائدبجلی نادہندگان سے 3 ارب 33کروڑ86لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ایف آئی اے، پولیس اور دیگر لا انفورسمنٹ اداروں کے تعاون سے تمام سرکلز بشمول اسلام آباد، راولپنڈی سٹی، راولپنڈی کینٹ، اٹک، چکوال اور جہلم میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
وفاقی حکومت اور وزارت توانائی پاور ڈیژن کی ہدایات پر 7ستمبر 2023 ء سے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران اب تک 13 لاکھ 10ہزار874 میٹرز چیک کیے گئے۔ متفرق طریقوں سے بجلی چوری کرنے پر متعلقہ صارفین کو آئیسکو کی جانب سے62کروڑ75 لاکھ22ہزار23 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جب کہ بجلی چوروں کے خلاف1872 ایف آئی آرز کا اندراج کر کے1450افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب نادہندگان کے خلاف بھی آئیسکو ریکوری ٹیموں کا بھرپور کریک ڈاؤن کامیابی سے جاری ہے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر واجبات ادا نہ کرنے والے1ایک اکھ 30ہزارسے زائد رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرصارفین سے اب تک3ارب33کروڑ86لاکھ60ہزار روپے کی ریکوری کو یقینی بنایا گیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان کا صارفین سے کہنا تھا کہ وہ اپنے ذمے واجبات کی بروقت ادائیگی کریں اور بجلی چوری کی اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دیتے ہوئے بجلی چوری کی اطلاع متعلقہ ایس ڈی او کمپلینٹ آفس کے نمبرز،آئیسکو ہیلپ لائن نمبر یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
[ad_2]
Source link