ریاض: سعودی عرب میں شدید گرمی کے باعث عبادت گزاروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آج بھی جمعے کا خطبہ، نماز اور دعا کو مختصر ترین کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مقدس مساجد کے امور کے نگراں شیخ عبدالرحمان السدیس کی ہدایت پر آج نماز جمعہ کے لیے پہلی اور دوسری اذان کے درمیان وقفہ بھی کم کرکے 10 منٹ کا ہوگا۔
آج نمازِ جمعہ کا خطبہ اور جماعت کا دورانیہ بھی 30 سے 45 منٹ کے بجائے 15 منٹ ہوگا جب کہ دعا بھی مختصر کی جائے گی۔
خیال رہے کہ نماز اور خطبے کے دورانیے کی یہ تبدیلی موسم گرما کے ختم ہونے تک برقرار رہے گی۔ یہ اقدام گزشتہ جمعے سے اُٹھایا گیا کیوں کہ مکہ اور مدینہ میں شدید گرمی ہے اور عازمین و عبادت گزاروں کی بڑی تعداد میں جمعے کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی پہنچتے ہیں۔
مقدس مساجد کے امور کے نگراں شیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ انسانی زندگی افضل ہے۔ جمعے کے لیے نمازی صبح 11 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک سخت دھوپ اور شدید گرمی میں کھڑے رہتے ہیں۔
شیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ ہم اللہ کے مہمانوں کی میزبانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا نہیں چاہتے۔ ہم یہ نہیں چاہتے کہ لوگ گرمی میں تڑپیں۔ نماز کے دورانیہ میں کمی عبادت گزاروں کے لیے چیزوں کو آسان بنانے کے لیے کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں جمعے کے روز خطبہ اور نماز کا دورانیہ مختصر کرکے 10 منٹ تک کردیا گیا۔
واضح رہے کہ حج کے دوران مکہ کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جس کے باعث ایک ہزار سے زائد عازمین حج انتقال کرگئے تھے جن میں اکثریت غیر رجسٹرڈ حاجیوں کی تھی۔