[ad_1]
راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہو گئی، تاہم اس دوران بجلی غائب ہونے سے شہر تاریک ہوگیا اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار کردیا، جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے پر رونق لوٹ آئی۔ بادل جم کر برسے اور شہر میں جل تھل ایک ہوگیا۔ بعد ازاں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی شروع ہو گئی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: اگلے تین روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان
بارش کا آغاز ہوتے ہی بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی اور شہر تاریکی میں ڈوب گیا جب کہ اسی اثنا میں بارش کا پانی جمع ہونے سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی کئی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ شہری لوڈشیڈنگ کی وجہ سے دہری ذہنی کوفت میں مبتلا رہے۔
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 3 روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی وجہ سے ہنگامی صورت حال کا الرٹ جاری کیا ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 3 دنوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے، اگر بارش 50-100 ملی میٹر سے زیادہ ہو جاتی ہے، تو یہ ندی نالوں میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔
[ad_2]
Source link