کراچی: ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلیجنس کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت دو ہفتوں کے دوران 17مختلف چھاپہ مار کاروائیوں میں 37کروڑ 60لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا برآمد کرکے ضبط کرلی ہے۔
ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی مسعود احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس محمد علی رضا کی سخت ہدایات کی روشنی میں کراچی ڈائریکٹوریٹ نے اپنے خفیہ نیٹ ورک سے موصول ہونے والی اطلاعات پر بلوچستان سے کراچی آنے والی مسافر بسوں، ہیوی ٹرکس اور مشکوک کاروں کی نگرانی وایگزامنیشن سخت کی جس کے نتیجے میں اسمگل ہونے والی متفرق اشیا برآمد کی گئیں جن کی مجموعی مالیت 37کروڑ 60لاکھ روپے ہے۔
ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی مسعود احمد نے کہا کہ ان اشیا میں 26کروڑ روپے مالیت کی نان کسٹمز پیڈ 2ہیوی بائیکس کے علاوہ 7لگژری گاڑیاں جن میں لیکسس، پراڈو، سرف، ایکوا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 11کروڑ 60لاکھ مالیت کے 400 اسمگل شدہ ایل سی ڈیز، 28700 کلوگرام پلاسٹک دانہ، 1950 کلوگرام ممنوعہ اجینو موٹو نمک، 900کلوگرام پرنٹنگ انک، سلینڈر میں بھرے 720کلوگرام ریفریجرنٹ گیس، 4790کلوگرام سیاہ مرچ، اسمگل شدہ ٹائرز، قالین اسکمڈ ملک پاوڈر کے علاوہ ترسیل میں استعمال ہونے والی بسیں ٹرک اور کاریں ضبط کی گئیں۔