[ad_1]
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماوں کے درمیان غزہ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
فلسطینی صدر نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے جنگ کے جلد خاتمے کی امید ظاہر کی۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال سے اب تک اسرائیل نے 41ہزار فلسطینیوں کو شہید کر دیا جس میں نوجوان اور چھوٹے بچے بھی شامل ہیں جبکہ غزہ میں اسپتال، اسکولز اور گھروں سمیت تمام جگہوں پر اسرائیل نے بمباری کی ہے جو کہ عالمی قوانین خلاف ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے متفقہ مطالبے کا وقت آ پہنچا ہے کیونکہ اس کے بغیر خطے میں امن بحال نہیں ہو سکتا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ فلسطینیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مؤجب بنیں گی۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان نے مسلسل فلسطین کے مسئلہ کی حمایت کی ہے۔
[ad_2]
Source link