[ad_1]
اسلام آباد: اہل غزہ اور لبنان سے اظہار یکجہتی کے لیے حافظ نعیم الرحمٰن آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
7 اکتوبر کو غزہ اور لبنان سے قومی اظہار یکجہتی کے سلسلے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن آج وزیراعظم شہباز شریف سے پی ایم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ دوپہر 2 بجے ہونے والی اس ملاقات میں غزہ اور لبنان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم سے ملاقات کے لیے جانے والے جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر لیاقت بلوچ ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم شامل ہوں گے ۔ علاوہ ازیں میاں محمد اسلم ، نصر اللہ رندھاوا بھی اس ملاقات میں شریک ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمن ،وزیر اعظم شہباز شریف کو القدس ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے جب کہ جماعت اسلامی کا وفد وزیر اعظم سے 7 اکتوبر کو قومی سطح پر یکجہتی غزہ کا دن منانے کی درخواست بھی کرے گا۔
واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی اس سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے بھی ملاقات کر چکے ہیں جب کہ انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کی تھی ۔ حافظ نعیم نے سابق وزیر اعظم شاہد حاقان عباسی کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔ اسی طرح جماعت اسلامی کی جانب سے محمود خان اچکزئی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں القدس ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی حملے کو ایک سال ہو رہا ہے۔
[ad_2]
Source link