[ad_1]
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے سیاسی جماعتوں سے آپسی اختلافات ختم کرکے سیاسی افراتفری کا فوری حل نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت کا پہیہ جام ہوچکا ہے۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے بیان میں کہا کہ خدا را ملک میں سیاسی افراتفری کا فوری حل نکالا جائے، تمام سیاسی جماعتیں حقیقت تسلیم کرتے ہوئے عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں کیونکہ ملک بچانے کا واحد حل عوامی مینڈیٹ کے احترام کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کنٹرول کرنا اب کسی کے بس میں نہیں رہا، ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت کا بھٹہ بیٹھ چکا ہے، سیاسی عدم استحکام کے ساتھ انتظامی اور آئینی بحران نے بھی شدت اختیار کر لی ہے۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں ٹرانسپورٹ، موبائل، انٹرنیٹ بند ہے اور رابطے منقطع ہیں، ٹرانسپورٹ بند ہونے سے ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی صورت حال پر ہمیں آنکھیں بند نہیں رکھنی چاہیے، آنکھیں بند کیے رکھنے سے پچھتاوے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس لیے ملک کے تمام بڑوں سے اپیل کرتا ہوں خدا کے لیے ملک بچالیں۔
[ad_2]
Source link