34

مواصلات سمیت دیگر وزراتوں کیلئے اربوں مالیت کی ضمنی گرانٹ منظور

[ad_1]


اسلام آباد:

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزارت مواصلات اور پاکستان پوسٹ سمیت دیگر اداروں کے لیے اربوں روپے مالیت کی ضمنی گرانٹ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹرانسفارمیشن منصوبے کے لیے 5 سمریوں کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزارت خزانہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو محمد اورنگزیب  کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جہاں وزارت مواصلات (پاکستان پوسٹ) کے لیے 16.995 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

گرانٹ کا مقصد پاکستان پوسٹ کی کمپنیوں اورایجنسی شراکت داروں کے تصدیق شدہ بقایاجات کی ادائیگی کرنا ہے۔

ای سی سی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لیے بھی 1.317 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظور ی دی، یہ گرانٹ مالی سال 2024-25 کے دوران سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بلدیاتی ضمنی انتخابات اور اسلام آباد (آئی سی ٹی) اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں منظور کی گئی ہے۔

اجلاس میں ایف بی آر کے لیے بھی پانچ مختلف سمریوں کی منظوری دی گئی، منظور کردہ سمریاں ایف بی آر ٹرانسفارمیشن  منصوبے کا حصہ ہیں، جس کی وزیر اعظم پہلے ہی منظوری دے چکے ہیں۔

ای سی سی کی جانب سے منظورکردہ کردہ سمریوں میں ایف بی آر کی آپریشنل مہارت اور تنظیمی صلاحیتوں میں بہتری، ایف بی آر افسران کے لیے کارکردگی مینجمنٹ نظام، ایف بی آر افسران کے لیے استعداد کار بڑھانے کا پروگرام، ایف بی آر کے تبدیلی منصوبے کے تحت انسداد اسمگلنگ اقدامات اور ایف بی آر افسران کے لیے نقل و حرکت اور عارضی رہائش کا انتظام شامل ہے۔

اجلاس میں ایف بی آر کی تمام پانچوں تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اصولی منظوری دی گئی  تاہم اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ مالی سال کے اگلے بجٹ سے قبل ان تجاویز پر عمل درآمد اور ان کے اثرات کا تیسری پارٹی کے ذریعے جائزہ لیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ ان کے نتائج کی ایک اور جانچ دسمبر2025 کے آخر میں کی جائے گی تاکہ اس پورے عمل کی افادیت اور مجموعی طور پر ریونیو بڑھانے کے مقصد پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

ای سی سی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ریونیو ڈویژن اور وزارت خزانہ مل کر ان پانچ تجاویز کے تحت بجٹ کی تقسیم اور فراہمی کے میکانزم پر مشترکہ مشاورت کریں گے۔



[ad_2]

Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں