ہمیشہ جوان رہنے کے جنون میں مبتلا ’ہیومن باربی‘ نے بڑھاپے کو روکنے کیلئے اپنے 23 سالہ بیٹے کی مدد لے لی۔
لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والی 47 سالہ مارسیلا ایگلیسیاس جوان نظر آنے کیلئے اب تک مختلف کاسمیٹک پروسیجرز پر 80 ہزار پونڈز خرچ کرچکی ہے مگر 2025 میں اس نے کچھ مختلف کرنے کی ٹھانی ہے۔
مارسیلا ایگلیسیاس بڑھاپے کو ’ریورس‘ کرنے کی کوشش میں اپنے بیٹے روڈریگو سے ٹرانسفیوژن حاصل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
خاتون کا کہنا ہے ایک نوجوان عطیہ دہندہ کا خون خلیات کو دوبارہ زندہ کر سکتا ہے۔ مارسیلا نے انکشاف کیا کہ جب اُس نے اپنا منصوبہ بیٹے کے ساتھ شیئر کیا تو وہ میری خواہش پوری کرنے کے لیے پرجوش تھا۔
خاتون کا برطانوی نیوز ویب سائٹ ’واٹس دی جیم‘ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ خون کی منتقلی خلیات کو زندہ کرنے کا ایک جدید طریقہ ہے جس کے بہت سے فوائد ہوتے ہیں خاص طور پر جب عطیہ کرنے والا آپ کا اپنا بچہ ہو۔
خاتون نے کہا کہ جب سے میں نے اسٹیم سیل تھراپی کروائی ہے میں خود کو اندرونی طور پر بہتر محسوس کر رہی ہوں۔
روڈریگو نہ صرف اپنی ماں کو خون کا عطیہ دے رہا ہے بلکہ وہ اپنی 75 سالہ دادی گریسیلا کے ساتھ بھی اسی طرح کے عمل میں حصہ لے رہا ہے۔
خاتون نے کہا کہ خون کے تازہ خلیے پورے جسم میں آکسیجن لے جانے کا کام کرتے ہیں جبکہ پلازما شفا یابی کے لیے ضروری پروٹین فراہم کرتا ہے۔
مارسیلا نے کہا “مجھے بتایا گیا ہے کہ یہ عمل جسم کیلئے ایسا ہے جیسے کوئی مسافر طویل سفر کے بعد پانی کا ایک گھونٹ چکھتا ہے۔”
یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ یہ طریقہ کار اندرونی اعضاء کی مرمت اور سوزش کو کم کر سکتا ہے، گردوں، دل اور پھیپھڑوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔