اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بلوچ یکجہتی مارچ کے گرفتار تمام 34 شرکاء کو ضمانت پر رہا کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں بلوچ یک جہتی مارچ کے شرکاء کے گرفتاری کے کیس کی سماعت ہوئی۔
یہ پڑھیں : بلوچ خواتین کے مطالبات درست ہیں، لاپتا افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے، عبد الغفور حیدری
تفتیشی افسر نے شرکاء کی شناختی پریڈ کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی اور کہا کہ تمام 34 افراد کی شناخت پریڈ مکمل ہو چکی ہے، پولیس نے گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دینے کی استدعا کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کو تو پیش نہیں کیا گیا تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے جس پر عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
عدالتی حکم کے فوراً بعد ہی وکیل صفائی نے ملزمان کی ضمانت کی درخواست دائر کردی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے ملزمان کو شخصی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔