[ad_1]
BERLIN:
یورپی یونین کے دو طاقت ور اراکین فرانس اور جرمنی نے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر یونین کو متحد ہونے اور قریبی رابطے رکھنے پر زور دیا ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانس اور جرمنی نے اپنے جواب کے لیے بات چیت کے بعد بیان جاری کیا اور یورپی یونین کو امریکی حکومت میں بڑی کامیابی پر متحد رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون اور جرمن چانسلر اولاف شولز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارک باد دی لیکن ان کی پہلے امریکا جیسی تجارتی پالیسی اور تنہائی پسند بیانات کے باعث درپیش چیلنج سے بھی خبردار کیا۔
جرمن چانسلر اولاف شولز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کو متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہیے اور اتحاد کے ساتھ کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میکرون اور وہ یورپی یونین رکن ریاستوں کے سربراہوں اور حکومتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ برلن اور پیرس نئے منظرنامے کے تحت متحد اور مضبوط یورپ کے لیے کام کریں گے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان اتحاد قائم کرنا مشکل کام تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ جرمنی اور فرانس خود گزشتہ چند برس میں مختلف امور پر ایک دوسرے کے مخالف پالیسیاں اپنائی تھیں، جس میں تجارت سے دفاعی اخراجات کے لیے فنڈنگ اور چین کی الیکٹرک کاروں پر ٹیرف کا معاملہ بھی شامل ہے۔
ادھر کئی یورپی ممالک نے امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج پر پریشانی کا اظہار کیا ہے جہاں ٹرمپ کو واضح مارجن سے کامیابی حاصل ہوئی ہے، یورپی ممالک کو پریشانی ٹرمپ کے پہلے دور حکومت کے دوران پیش آنے والی مشکلات ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے پہلے دور حکومت میں نیٹو کے کردار پر تنقید کی تھی اور اس کے علاوہ یوکرین سے متعلق مبہم نکتہ نظر اور موسمیاتی تبدیلی پر مؤقف کی وجہ سے یورپی ممالک کو پریشانی ہے۔
یورپی ممالک کو ٹرمپ کی کامیابی پر تجارت کے حوالے سے بھی تشویش ہے اور ٹرمپ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اگر وہ صدارتی انتخاب میں کامیاب ہوئے تو یورپی یونین کو امریکی مصنوعات کی خریدار نہ کرنے پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
[ad_2]
Source link