کراچی: وزیر مذہبی امور انیق احمد نے حج قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا جب کہ 69 ہزار 438 درخواستوں میں سے ریگولر اسکیم کے 63 ہزار 805 خوش نصیبوں کو کامیابی کی نوید سنا دی۔
وزارت مذہبی امور میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندوں نے زوم میٹنگ میں شریک وزیر مذہبی امور کی اجازت سے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے فرائض سر انجام دیے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب؛ غیر ملکی عازمین حج کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا
کراچی پریس کلب میں لائیو حج قرعہ اندازی کے موقع پر نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ عازمین حج کو آسانیاں مہیا کریں گے، اس سال ایک لاکھ 89 ہزار سے زائد کا کوٹہ ملا جس میں سے 25 ہزار کا کوٹہ اوورسیز پاکستانیوں کیلیے سپانسر حج کے لیے مخصوص کیا گیا۔چاہتے ہیں کہ سب کو کامیاب کر دیا جائے لیکن کابینہ سے منظوری لینا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے تک کمی لائی گئی، فضائی کرائے میں بھی کمی کیلیے کوشاں ہیں، جس کا فرق عازمین کو لوٹایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حج درخواستیں کوٹا سے زائد موصول، اسپانسرشپ حج اسکیم کی تاریخ میں توسیع
انیق احمد نے کہا کہ اس سال اسلام آباد کیساتھ کراچی سے بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت عازمین کی امیگریشن کی جائیگی۔ اس سال پہلی مرتبہ اسکردو سے بھی پروازیں آپریٹ کرینگے۔پہلی مرتبہ شارٹ حج متعارف کرایا، 21/22 روز میں مناسک حج پورے کرکے واپسی ہوسکے گی۔