کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ ’’ وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ‘‘فطرت کے اسی رنگ کو برقرار رکھنے کے لئے ہر عورت خوبصورت دکھنا چاہتی ہے۔
خوب سے خوب ترنظرآنا عورت کی جائز خواہش ہے۔ پرانے وقتوں سے ہی خواتین اپنے آپ کو خوبصورت ، دلکش اور جازب نظر بنانے کے لئے مصروف رہی تھیں۔ اس کے لئے وہ کبھی تو خوبصورت لباس کا انتخاب کرتی تھی تو کبھی اپنی جلد کو نرم ملائم بنانے کے لیے مختلف جڑی بوٹیوں کا استعمال کرتی تھیں۔
کبھی اپنے بالوں کو سیاہ، گھنا اور خوبصورت بنانے کے لیے مختلف ٹوٹکے استعمال کرتی تھیں تو کبھی زیورات سے خود کو سجاتی تھیں۔ آپ کو خوبصورت اور پر کشش بنانے کا خیال آپ کبھی بھی ایک عورت کے دل سے نہیں نکال سکتے۔
شادی کا دن ہر لڑکی کے لیے بہت خاص ہوتا ہے اسی لیے اس دن کو منفرد بنانے کی خاطر ہزاروں جتن کیے جاتے ہیں۔ جہاں گھر والے شادی کے کھانے اور مہمان داری کا بیڑا اٹھائے ہوتے ہیں وہیں دلہن اپنی زندگی کے سب سے اہم دن کو یادگار بنانے کی تیاریوں میں مصروف نظر آتی ہے۔
کچھ دلہنیں شادی کے جوڑے سے لے کر کھانے میں موجود ہر ڈش کا انتخاب خود کرتی ہیں جبکہ کچھ تمام معاملات گھر والوں اور دوستوں پر چھوڑ کر بری الذمہ ہو جاتی ہیں، مقصد سب لڑکیوں کا ایک ہی ہوتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے خاص دن اس طرح تیار ہوں کہ سب کو پسند آئیں۔
عورتوں کی اسی فطری خواہش کو دیکھتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں برائیڈل شوز ہوتے ہیں جس میں ڈیزائنرز اپنے ملبوسات کو پرکشش بنانے کے لئے نئے نئے ڈیزائن متعارف کرواتے ہیں، ہر برس کی طرح اس سال بھی برائیڈل کیٹور ویک کا میلہ لاہور میں سجایا گیا، تین روزہ فیشن میلے میں منفرد عروسی جوڑوں کی نمائش کی گئی۔
مہوش حیات، ریما، ریشم، آمنہ الیاس، حرامانی، مومل شیخ ،اوشنا شاہ،صبور علی، کبری خان، سارہ خان، کنزا ہاشمی، نیلم منیر، صبا قمر، ایمان علی، ونیزہ علی، عائشہ عمر،جویریہ سعود، کومل میردرفشاں، سبینہ فاروق، نادیہ جمیل، سمیت ملک کی نامور حسیناؤں نے ریمپ پرجلوے بکھیرے، میل مردوں میں عمران اشرف، احسن خان قابل ذکر ماڈل تھے۔
ٹینس کے نامور کھلاڑی اعصام الحق نے لاہور میں جاری برائیڈل شو میں اپنی اہلیہ ثنااعصام کے ساتھ بطور شو سٹاپر ریمپ پر واک کی۔ خوبصورت شوخ رنگوں کے ملبوسات، جیولری کی چمک دمک اور حسیناوں کی دلربا ادائیں، حاضرین محو حیرت ہوتے رہے۔ شو کے دوران خواتین ماڈلز کے ساتھ مردوں کے ملبوسات کو بھی خاصا پسند کیا گیا۔ فلک شبیر سمیت دیگر گلوکاروں نے آواز کا خوب جادو جگا کر شرکاء سے بھر پور داد سمیٹی۔
برائیڈل شو کے پہلے روز عمران اشرف، صبور علی، مہوش حیات، کبری خان، ریشم، فلک شبیر، سارا خان، عماد عرفانی، احسن خان، کنزا ہاشمی، فیروز خان، نیلم منیر، صباقمر، حرامانی، مومل شیخ، عمر شہزاد، ایمان علی، اعصام الحق قریشی، اشناء شاہ، عائشہ عمر، سبینہ فاروق، نادیہ جمیل، ونیزہ احمد اور ریما خان و دیگر شوسٹاپر رہیں۔ ماڈلز کے ساتھ ساتھ گلوکاروں نے بھی سماں باندھ دیا۔ کلیکشزکے ساتھ نامور گلوکاروں کے گیت بھی لگائے جاتے رہے۔
اس موقع پر فلمسٹار میرا کا کہنا تھا کہ میں لاہور سے بہت پیار کرتی ہیں شوبز میں آنے والے لوگ محنت کریں اور صبر سے کام لیں ، میری ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ ایسا فیشن کروں جو دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرے۔ میں بیرون ممالک میں جا کر بھی اپنے کلچر کی نمائندگی کرنے والے ملبوسات زیب تن کرتی ہوں ہمارے فیشن ڈیزائنرز بہت باصلاحیت ہیں ان کا کام دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
میرا کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت جتنی بھی ماڈلز ہیں وہ اچھا کام کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، مجھے ریمپ پر واک کر کے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔فیشن ویک کے دوسرے روز بھی نو فیشن ڈیزائنرز نے اپنے تیار کردہ ملبوسات پر مشتمل کلیکشنز متعارف کروائیں۔ نامور شوبز شخصیات نے بطور شو سٹاپر دلہا دلہن بن کر اپنی ادائیں دکھائی۔ ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی جیسے ہی ریمپ پر ائے ان کے مداحوں نے تالیوں کی گونج میں ان کا استقبال کیا، اعصام الحق قریشی کی بہن شیزا نے اپنی کولیکشن متعارف کروائی۔
فیشن ویک کے تیسرے روز بھی نامور فیشن ڈیزائنرز کے عروسی ملبوسات ماڈلز نے زیب تن کرکے شائقین کی خوب داد سمیٹی۔ سارہ خان اور فلک شبیر کو ریمپ پر دیکھ کر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔برائیڈل شو میںمجموعی طور پر70 سے زائد ماڈل لڑکے لڑکیاں دولہا دلہنیں بن کر ریمپ پرجلوہ گر ہوئیں۔
تین روزہ برائیڈل فیشن شو میں فیشن ڈیزائنر کے مردوں کے لیے ڈیزائن کیے ہوئے شادی کے ملبوسات کی نئی کولیکشن کی نمائش کے دوران احسن خان سمیت دیگر ماڈلز نے شیروانی اور کوٹ سوٹ کے ساتھ فلسطینی سکارف پہنے ہوئے ریمپ پر واک کی جبکہ بیک گراؤنڈ میں فلسطینی آزادی کے نغمے سنائی دے رہے تھے۔
شو سٹاپر بننے والے اداکار احسن خان نے جب ریمپ پر واک کے لیے انٹری دی تو ان کے ہاتھ میں ایک بڑا پلے کارڈ تھا جس پر لکھا تھا کہ ’ہم ہر بچے کے لیے، ہر گھر کے لیے اور فلسطین کے لیے امن چاہتے ہیں۔احسن خان کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ میرا دل فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پورا پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے دیگر ممالک بھی فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوں تاکہ اسرائیلی جارحیت کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
شوکی خاص بات یہ تھی کہ نیلم منیر نے زخمی ٹخنے کے ساتھ برائیڈل فیشن شو میں ریمپ پر واک کی لیکن کسی کو کانوں کان خبر نہ ہو سکی، بعد میں نیلم منیر نے خود اس راز سے پردہ اٹھایا،سوشل میڈیا پر میک اپ روم سے اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے نیلم منیر نے لکھا کہ میں آج رات برائیڈل کٹیور ویک میں زخمی ٹخنے کے ساتھ ریمپ واک کرنے جا رہی ہوں، میں یہ پوسٹ صرف اس لیے کر رہی ہوں تاکہ ہر کسی کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ زندگی میں چاہے کوئی بھی مشکل آئے آپ کو اللہ پر بھروسہ رکھ کر آگے بڑھتے رہنا ہے۔
برائیڈل شو میں پیش کئے جانے والے عروسی ملبوسات کی بات کریں تواس برائیڈل ویک میں برائیڈل ملبوسات کے نت نئے اور منفرد انداز متعارف کروائے گئے جسے دیکھنے والوں نے بے حد سراہا۔مختلف قسم کے برائیڈل فراک اور لانگ و شارٹ شرٹس پر ہیوی مگر خوبصورت کام دیکھا گیا تمام ڈیزائنرز نے روایتی کام پر فوکس کیا ، برائیڈل شو میںتینوں دن خواتین اور لڑکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ہر ڈیزائنر کے کام کا انداز اپنا اور مختلف رہا، برائیڈل ملبوسات جتنے خواتین کیلئے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اتنے ہی مرد حضرات کیلئے بھی ہوتے ہیں۔
برائیڈل ویک میںبرائیڈل مینز وئیر کو بھی منفرد انداز میں پیش کیا گیا۔ گولڈ اور سلور رنگوں میں ڈیزائنرز نے شیروانیوں کے مختلف انداز پیش کئے۔اداکار احسن خان، عمران اشرف، اعصام الحق سمیت ملک کے نامور مینز ماڈل نے بطور شو سٹاپر شرکت کر کے شو کی رونقیں دوبالا کیں۔ اس طرح کے ایونٹس سے نہ صرف ڈیزائنرز کو نت نئے ڈیزائن متعارف کروانے کا موقع میسر آتا ہے بلکہ شائقین کو بھی فیشن کے بارے میں ہونے والی نت نئی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہی ملتی ہے۔
The post دلہنیا آئی سج دھج کے۔۔۔۔! appeared first on ایکسپریس اردو.