پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ یحیٰی آفریدی کا عہدہ ہمارے نزدیک قابل اعتراض ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ آج جوڈیشل کمیشن کا اجلاس نہیں ہوسکتا۔ آئینی بینچ کی غیرموجودگی میں کمیشن کا اجلاس آئین کے منافی ہے۔ ہمارے نزدیک یحییٰ آفریدی کا عہدہ قابل اعتراض ہے۔
شعیب شاہین کا مزید کہنا تھا کہ سوال پیدا ہوتا ہے کیا جسٹسی یحییٰ آفریدی قاضی فائز عیسیٰ کی باقیات کو فالو کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بات افسوس سے کہہ رہے ہیں کیونکہ جسٹس یحییٰ آفریدی بڑے قابل احترام جج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اٹھا کراور اغوا کرکے 26 ویں آئینی ترمیم کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں سینیٹ کا انتخاب نہ ہونے پرآئینی ترمیم غیرقانونی ہے۔ یہ اسمبلی ہارے ہوئے لوگوں پر مشتمل ہے۔ موجودہ پارلیمنٹ نے ملک میں بدترین مارشل لا لگانے کی کوشش کی ہے۔ پارلیمنٹ میں بیٹھا ہوا ڈاکو اور کچے کے ڈاکو برابر ہیں۔ کل رات کی تاریکی میں قانون سازی کے نام پر ایک اور ڈاکا ڈالا گیا۔ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانا بدنیتی پر مبنی ہے۔ ان ججز کی تنخواہیں اور مراعات عوامی جیب سے نکلیں گی۔