34

کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے 2 چینی باشندوں کے زخمی ہونے کا معاملہ تنازع ہے، دفتر خارجہ


اسلام آباد:

کراچی میں نجی ٹیکسٹائل کمپنی کے گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی باشندوں کے زخمی ہونے کے معاملے پر دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے اسے تنازع قرار دے دیا۔

شہر قائد کے علاقے ولیکا میں قائم نجی ٹیکسٹائل فیکٹری میں تعینات گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی شہریوں کے فائرنگ سے زخمی ہونے کے واقعے پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج صبح کراچی میں دو چینی شہری ایک فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہوگئے،  یہ واقعہ ایک نجی گارڈ کے ساتھ تنازع کے بعد پیش آیا۔

ترجمان کے مطابق  زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور ان کا علاج جاری ہے، ہم زخمیوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔  پاکستان اس واقعے میں ملوث شخص کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں جو باہمی احترام اور مشترکہ تقدیر کے بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔

 

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت اور سلامتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں