[ad_1]
مکہ مکرمہ: رمضان المبارک کی 27 ویں شب کو لاکھوں فرزندان توحید نے تراویح اور دعا میں شرکت کی۔
حرمین شریفین کے امور سے متعلق ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں لاکھوں افراد نے 27 شب کی تراویح اور دعا میں شرکت کی اور خصوصی عبادات کیں۔
مسجد الحرام میں تراویح کے دوران دالان، تہہ خانے، چھت ، تیسری توسیع، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔اس سے قبل رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو بھی حرمین شریفین میں لاکھوں فرزندان اسلام نے نماز ادا کی۔ انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں آنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
مسجد الحرام میں آمد ورفت کے راستے جدا رکھے گئے تاکہ لوگ آرام سے مسجد الحرام میں داخل ہوسکیں۔ 27 ویں شب کی دعا میں شرکت کےلیے مسجد الحرام جانے والے راستوں پر ٹریفک پولیس کے اہلکار جبکہ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی خصوصی ٹاسک فورس کے دستے مسجد الحرام کے اطراف میں تعینات کیے گئے تاکہ لوگ منظم طریقے سے مسجد الحرام میں داخل ہو سکیں۔
دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کا کہنا ہے رمضان المبارک کے گزشتہ 20 دنوں میں آنے والے زائرین کی تعداد دو کروڑ سے زائد رہی۔روضہ رسول ﷺ پر سلام کےلیے 16 لاکھ 43 ہزار 288 افراد آئے جبکہ ریاض الجنہ کے لیے 3 لاکھ 58 ہزار 632 مرد جبکہ 2 لاکھ 96 ہزار 595 خواتین کو پرمٹ جاری کیے گئے۔
[ad_2]
Source link