کراچی: ہوم اینڈ کونٹریکٹ ٹیکسٹائلز کی سب سے بڑی عالمی نمائش ہیم ٹیکسٹل 2025 ، 14 سے 17جنوری 2025 کو جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں منعقد ہوگی۔
عالمی نمائش کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان سرکاری سطح پرقومی پویلین قائم کرے گا جس میں پاکستان کی ہوم ٹیکسٹل فیبرک، پراسیسنگ اور مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ہوم ٹیکسٹل کے سب سے بڑے عالمی میلے ہیم ٹیکسٹائل 2025 میں شرکت کے لیے پاکستانی ایکسپورٹرز سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
پاکستان ہیم ٹیکسٹل نمائش میں بیڈ لینن، کچن لینن اور تولیے کی رینج پیش کرنے والے اہم ملکوں میں سے ایک ہے۔ اس سال 12اسکوائر میٹر اسٹال کی فیس 15لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جس کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی 30جولائی 2024تک درخواستیں وصول کرے گی۔
ہیم ٹیکسٹل نمائش میں گھریلو ٹیکسٹائل مصنوعات کے ساتھ انٹیئر ڈیزائننگ، میزبانی کی صنعت اور نیند سے متعلق مصنوعات او رخدمات کی نمائش کی جائے گی۔
سال 2024میں ہونے والی ہیم ٹیکسٹل نمائش میں 274پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی جبکہ 58 کمپنیوں نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے پویلین کے ذریعے نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کیں۔