[ad_1]
واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل لبنان کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں فکر مند ہیں اور صورت حال کو بگڑنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ وہ اسرائیل اور حزب اللہ تنازع کو پورے خطے میں پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے سخت دباؤ ڈال رہے ہیں۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ یرغمالیوں کی بازیابی سے متعلق معاہدے کے طے نہ ہو پانے کا ذمہ دار حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار ہیں۔
خیال رہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے گزشتہ دنوں اسرائیلی، قطری اور مصری ثالثوں کے ذریعے ایک نئی تجویز کا مسودہ حماس کو بھیجا تھا۔
جس میں غزہ اور مصر کی سرحد کے ساتھ فلاڈیلفی کوریڈور سمیت شمالی اور جنوبی غزہ کے درمیان تقسیم ہونے والی نیٹزارم کوریڈور سے متعلق زیادہ شقیں شامل تھیں۔
تاہم حماس نے مسودے کے متن کو صاف طور پر مسترد کر دیا اور کہا کہ وہ کسی ایسے معاہدے کو قبول نہیں کرے گی جو مئی کے آخر میں بائیڈن کی پیش کردہ سابقہ تجویز سے مختلف ہوں۔
یہ بھی یاد رہے کہ امریکی مشیر قومی سلامتی جان کربی نے رواں ہفتے کہا تھا کہ ایسا نہیں لگتا کہ یحییٰ السنوار نیک نیتی سے بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں، خاص طور پر جب 6 یرغمالیوں کو ایک سرنگ میں قتل کر دیا گیا۔
[ad_2]
Source link