[ad_1]
واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ ایران کے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کو ایڈوانس اینٹی میزائل سسٹم فراہم کرے گا تاکہ وہ اپنا دفاع مضبوط بنائے اور امریکی فوجیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان پیٹ رائیڈر نے کہا کہ ٹرمینل ہائی الٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس (ٹی ایچ اے اے ڈی) بیٹری کی فراہمی سے اسرائیل کا ایئرڈیفنس سسٹم مزید مربوط ہوگا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ وہ اسرائیل کو دفاع کے لیے سسٹم بھیج رہے ہیں۔
پیٹ رائیڈر کا کہنا تھا کہ یہ وسیع انتظامات کا حصہ ہے جو حالیہ مہینوں میں امریکی فوج اسرائیل کے دفاع اور امریکیوں کی ایران اور ایرانی اتحادی تنظیموں سے تحفظ کے لیے کرچکی ہے۔
اس سے قبل ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا تھا کہ امریکا اسرائیل میں میزائل سسٹم چلانے کے لیے اپنے فوجیوں کو تعینات کرکے ان کی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
عباس عراقچی نے ایکس پر بیان میں کہا تھا کہ ہم نے خطے میں حالیہ دنوں میں جنگ روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں اور واضح کرتا ہوں کہ اپنے لوگوں اور مفادات کے دفاع کے لیے ہماری کوئی ریڈ لائن نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر 180 سے زائد بیلسٹک میزائل برسائے تھے اور اس سے قبل اپریل میں بھی ڈرون حملے کیے تھے تاہم ان میں سے اکثر میزائل ناکارہ بنا دیے گئے تھے۔
[ad_2]
Source link