روم: اٹلی نے متنازع یہودی بستیوں کے میئرکی بطور سفیر نامزدگی قبول کرنے سے انکار کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اٹلی نے اسرائیل کی جانب سے بینی کیچاریل کی بطور سفیر نامزدگی کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بینی کیجاریل یہودی بستی کے 31 سال تک میئر رہے ہیں۔ روم میں سفیر کے طورپر ان کی تعیناتی مناسب نہیں ہے۔
رپورٹس کے مطابق غیر ملکی سفیروں کی اسناد موصول کرنے والے اطالوی صدر سرجیو ماتاریلا نے نامزد اسرائیلی سفیرسے اتفاق نہیں کیا تھا۔ کیچاریل نے القدس کے قریب مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں میں سے ایک کے میئر کے طور پر 31 سال تک کام کیا ہے۔
اطالوی وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم انتونیو تیانی اسرائیلی ہم منصب ایلی کوہن کو پہلے بھی اس ناپسندیدہ نامزدگی کے بارے میں خبردار کر چکے تھے۔ بینی کیچاریل کو اسرائیلی کابینہ نے گزشتہ موسم گرما میں روم میں نامزد سفیر کے طور پر منظور کیا تھا۔
جارجیا میلونی کی قیادت میں موجودہ اطالوی حکومت کو اسرائیل نواز سمجھا جاتا ہے۔ اٹلی نے دیگر 20 سے زیادہ ملکوں کے ساتھ اقوام متحدہ کی پچھلی قرارداد کو غیر متوازن قرار دیتے ہوئے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا،۔ اس قرار داد میں غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔