نیو اسلام انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی خاتون اہلکار نے مسافر خاتون کا زیورات اور قیمتی سامان سے بھرا پرس تلاش کرکے واپس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے سفر کرنے والی فیملی ڈمیسٹک لاونج پہنچی تو خاتون مسافر لیول ٹو پر واقع چینج روم میں اپنا بیگ بھول گئیں۔ ڈیوٹی پر موجود خاتون سینیٹری اٹینڈنٹ صوبیہ نے بیگ لاوارث دیکھا تو حفاظتی تحویل میں لیکر ٹرمینل مینیجر کے حوالے کردیا۔
بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں 40 لاکھ روپے مالیت کا سامان و نقدی، 110 برطانوی پاؤنڈ، 22 ہزار روپے سے زائد نقدی، 10 تولہ سونے کے زیورات، دو موبائل فون اورلیڈی سوئس واچ برآمد ہوئی۔ بعدازاں بیک کو لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سیکشن میں جمع کرادیا گیا اور جب مسافر خاتون کو بیگ گم ہونے کا احساس ہوا تو انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعلقہ محکمہ سے رابطہ کیا۔
جس پر ضروری قانونی کارروائی ہے بعد بیگ سامان سمیت مالکن کے حوالے کردیا۔ خاتون نے بیگ ملنے پر اظہار تشکر کیا۔ علاوہ ازیں ائیرپورٹ مینجر سید آفتاب گیلانی نے خاتون اہلکار صوبیہ آصف کو ان کی ایمانداری کے اعتراف میں تعریفی سند اور 25 ہزار روپے انعام دیا۔