کراچی: زر مبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کی نسبت ڈالر بیک فٹ پر رہا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 44 پیسے کی کمی سے 281 روپے 93 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈالر کی خریداری سرگرمیاں بڑھ گئیں جس سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 18 پیسے کی کمی سے 282 روپے 19 پیسے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 56 پیسے کی کمی سے 283.20 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
ذرائع کے مطابق دسمبر 2023 کے ابتدائی 20 یوم کے دوران ملکی برآمدات 33 فیصد کے اضافے سے 1.20 ارب ڈالر ہوگئی ہے جبکہ درآمدی سرگرمیاں انتہائی محدود ہیں۔ درآمدی مالیت برآمدات کی مالیت سے بڑھ نہیں رہی ہیں جس سے امکان ہے کہ ڈالر مزید گھٹ کر 280 روپے کی سطح پر آجائے۔
تاہم جون 2024 تک مزید 9 ارب ڈالر کے قرضے رول اوور ہونے کے بعد حکومت کو 5 ارب ڈالر مالیت کے بیرونی قرضوں بمع سود کی لازمی ادائیگیاں کرنی ہیں جس سے آنے والے مہینوں میں ڈالر دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے۔